شیعہ کا نماز جنازہ پڑھنا اور ان کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا
روافض و اہلِ تشیع میں مختلف العقائد فرقے ہیں بعض وہ ہیں جو حضرت علیؓ کو خلیفہ اول ہونے کے مستحق سمجھتے ہیں، مگر باقی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین پر تبرا نہیں کرتے، یہ فاسق اور مبتدع ہیں، اسلام سے خارج نہیں ہیں ان کی نمازِ جنازہ پڑھ سکتے ہیں اور ان کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جا سکتا ہے۔
بعض وہ ہیں جو حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو معبود سمجھتے ہیں (معاذ اللہ) بعض وہ ہیں جن کا عقیدہ ہے کہ حضرت جبرئیل علیہ السلام نے وحی لانے میں غلطی کی، حضرت علیؓ کو پہنچانے کے بجائے حضرت محمدﷺ کو پہنچا دی، یا ان کے نزدیک نبی و رسول بننے کا اصل حقدار معاذ اللہ حضرت علیؓ تھے بعض وہ ہیں جو حضرت عائشہ صدیقہؓ پر تہمت رکھتے ہیں، اور بعض ایسے بھی ہیں جو حضراتِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو مسلمان ہی نہیں مانتے، کافر و مرتد قرار دیتے ہیں (معاذ اللہ)
ان فرقوں کی نمازِ جنازہ درست نہیں ہے اور مسلمانوں کے قبرستانوں میں دفن کرنا بھی جائز نہیں ہے ہر فرقہ کی تعیین مشکل ہے جو لوگ روافض و شیعہ کہلاتے ہیں ان کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنے کی اجازت نہ دی جائے، اس میں احتیاط ہے۔
(مسائلِ رفعت قاسمی: مسائلِ میت: جلد 7 صفحہ 89)
