پانچواں باب چودہ سو سالہ اسلامی تاریخ کے چند جھوٹے مدعیان…

پانچواں باب چودہ سو سالہ اسلامی تاریخ کے چند جھوٹے مدعیان مہدی کا تذکرہ

  حضرت مولانا علامہ ضیاء الرحمٰن فاروقی شہیدؒ

مدعیان امام مہدی نے اسلام کو کیا کیا نقصان پہنچایا:

آنحضرتﷺ کی 26 سے زائد متواتر احادیث میں جس سیدنا مہدی کے ظہور کی خبر دی گئی تھی اگر صرف یہی ایک تصور دنیا میں موجود ہو تو امتِ اسلامیہ کو ہر صدی میں بے شمار جھوٹے مدعیانِ مہدی کا چرچہ سننا پڑتا۔ 

اب ہم دیکھتے ہیں کہ ہر صدی کا دامن کئی کئی درجن ایسے مدعیانِ نبوت و مہدی سے آلودہ ہے جنہوں نے شیعہ کی طرف سے تحریر کردہ سیدنا مہدی کے کارناموں اور علامات کی آڑ میں امتِ مسلمہ کو افتراق و اشتقاق سے دوچار کیا ہر صدی کا سینہ جھوٹے مہدیوں کی خامہ فرسائیوں سے چھلنی رہا تاریخ کا طالب علم جب ان مدعیان کے دعوؤں پر غور کرتا ہے تو وہ دفعتاً حیرت و استعجاب کا شکار ہو جاتا ہے اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ کس طرح من گھڑت اور خود ساختہ دعوؤں کی تصدیق کرے بے بنیاد دعویٰ کو آئینہ شریعت قرار دے، عقل و فہم سے ماورا کرشماتی تصورات کو حقیقت و اصلیت کی چادر اوڑھائے، طلسماتی افسانوں کو اسلام اور دین محمدی سے تعبیر کرے۔

لیکن جب ہم سیدنا محمد مہدی علیہ الرضوان کے بارے میں آنحضرتﷺ کی طرف سے بیان کردہ 50 سے زائد علامات کو بنیاد بنا کر اس عظیم شخصیت پر غور کرتے ہیں تو کسی قسم کا کوئی ابہام سامنے نہیں رہتا اوہام و تخیلات کی بوقلمونی اور قیاس آرائی کی شطحیات حرف غلط کی طرح مٹتی نظر آتی ہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ ائمہ تلبیس میں مولانا ابو القاسم رفیق دلاوری نے آنحضرتﷺ کے بعد پیدا ہونے والے جن مدعیانِ مہدی و نبی کا تذکرہ کیا ہے ان میں اکثریت شیعہ کی تھی انہی میں سے ہم چند ایسے جھوٹے مہدیوں کا تذکرہ کریں گے جن کے دامِ فریب میں آکر ملتِ اسلامیہ کی بڑی تعداد نے بھی ضلالت و غوایت کی چوکھٹ پر سر رکھا ان جھوٹے دعویداروں کے تزویر و خپتل نے ایک عہد کو نظریاتی کشمکش کا شکار بنائے رکھا بڑی بڑی مسلم آبادیوں میں کئی مہدیوں کا ایسا جادو چلا کہ وہ گمراہی کے گڑھے میں آخر عمر تک جاں بلب رہے کئی ایک حقیقت کے آشکار ہوتے ہی ہدایت کی طرف لوٹ آئے مہدی کے نام سے کئی افراد نے سادہ لوح مسلمانوں سے رقم ہتھیانے کا مشغلہ جاری کیا تو کئی مدعیان نے اسے شعبدہ بازی اور جاہ و مرتبت کی فسوں کاری کے لیے استعمال کیا لا علم اور جاہل مسلمانوں کو اس مقدس نام سے ہر صدی میں فریب دیا گیا، علم نجوم کی کرشمہ سازی اور علم اعداد کے کئی اسرار کھولے گئے دینِ محمدی سے ناواقف اور سیدنا مہدی کے بارے میں اسلامی تعلیمات سے نا آشنا عوام کے کئی مسلم گروہوں نے کئی جھوٹے مدعیان کو سر پر اٹھا لیا، ان کی نیاز مندی اور عقیدہ و توسل کا ڈھنڈورا پیٹا گیا جونہی اہلِ حق کے کسی گروہ نے ان کے کذب و ضلالت کی نشاندہی کی تو قوموں نے انہیں جہنم رسیدہ کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔