Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

یزید بن قیس ان فسادیوں سے خط و کتابت کرتا ہے جو عبدالرحمٰن بن خالد رضی اللہ عنہما کے پاس تھے

  علی محمد الصلابی

یزید بن قیس اپنے گھر میں بیٹھا اور خروج سے متعلق اپنے منصوبہ میں تبدیلی کرنے پر مجبور ہوا۔ ایک شخص کو اجرت پر رکھا، اس کو دراہم اور خچر دیا اور حکم دیا کہ پوری رازداری کے ساتھ تیزی سے ان کوفی سبائیوں کے پاس جاؤ جنھیں سیدنا عثمان غنیؓ نے پہلے شام اور پھر الجزیرہ کی طرف جلا وطن کر دیا تھا، اور وہ عبدالرحمٰن بن خالدؓ رضی اللہ عنہ کے پاس مقیم تھے اور توبہ و ندامت کا ان کے سامنے اظہار کیا تھا۔ اپنے اس خط میں اس نے اپنے شیطان ساتھیوں کو لکھا کہ میرا یہ خط جب تم کو پہنچ جائے تو اس کو رکھنے سے پہلے تم میرے پاس پہنچ جاؤ۔ میں نے مصر میں ساتھیوں کو خط لکھا ہے اور ان کے ساتھ خروج پر ہمارا اتفاق ہو چکا ہے۔ جب اشتر نے یہ خط پڑھا تو فوراً کوفہ کے لیے روانہ ہو گیا اور آ کر ان لوگوں کے ساتھ مل گیا۔ حضرت عبدالرحمٰن بن خالدؓ نے ان کو تلاش کیا لیکن نہ پا سکے۔ کچھ لوگوں کو ان کی تلاش میں بھیجا لیکن تب تک یہ لوگ نکل چکے تھے، ہاتھ نہ آئے۔

یزید بن قیس نے اپنی پارٹی کا دوبارہ اتصال کیا، اور اس کی پارٹی نے کوفہ کے رذیلوں اور فسادیوں سے اتصال کیا اور سب کے سب مسجد میں جمع ہو گئے۔ اشتر نخعی مسجد میں آیا، لوگوں کو بھڑکایا، اور انقلاب اور خروج پر ان کو برانگیختہ کیا اور ان سے کہا: میں خلیفہ عثمان کے پاس سے آرہا ہوں، وہاں ان کے پاس سعید بن العاص تھے، ان دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تمہارے عطیہ میں کمی کر دی جائے، اب دو سو درہم کے بجائے سو درہم ملیں گے۔ یہ صریح جھوٹ اشتر نے اپنی طرف سے گھڑا، حالاں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ در اصل یہ عوام الناس کو بھڑکانے کے لیے افتراء و اکاذیب کو پھیلانے کی سبائی چال تھی۔ بہرحال اپنی باتوں سے اشتر نے مسجد میں لوگوں کو بے وقوف بنایا، رذیلوں اور فسادیوں پر اثر انداز ہوا، اور انہیں برانگیختہ کیا۔ مسجد میں شور برپا ہوا۔ ابو موسیٰ اشعری، عبداللہ بن مسعود، قعقاع بن عمرو رضی اللہ عنہم جیسے عقلاء، اشراف اور صالحین و اتقیاء اس سلسلہ میں اس سے بات کرنے لگے اور اس کو سمجھانا چاہا لیکن اشتر نے کسی کی بات نہ مانی۔

(تاریخ الطبری: جلد 5 صفحہ 338، الخلفاء الراشدون: الخالدی: صفحہ 138) 

یزید بن قیس نے ان فسادیوں کے درمیان مسجد میں اور مسجد سے باہر چیخنا شروع کیا اور کہا: میں مدینہ کے راستہ پر نکلتا ہوں تاکہ سعید بن العاص کو کوفہ میں داخل ہونے سے روک دوں، تو جس کو نکلنا ہے وہ میرے ساتھ سعید کو کوفہ میں داخلے سے روکنے کے لیے نکلے۔ سبائیوں اور فسادیوں نے اس پر لبیک کہا، اور تقریباً ایک ہزار لوگ اس کے ساتھ نکلے۔

(تاریخ الطبری: جلد 5 صفحہ 338)