عہدِ حضرت امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ کے جہاد میں ہاشمی…

عہدِ حضرت امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ کے جہاد میں ہاشمی بزرگوں کی شرکت

  محمد ظفر اقبال

5: ہاشمی اکابر عہدِ سیدنا امیرِ معاویہؓ کی جنگی مہموں اور جہاد میں برابر شریک ہوتے رہے۔  

سیدنا حسین بن علیؓ عہدِ سیدنا امیرِ معاویہؓ کی جنگی مہموں اور غزوات میں شریک ہوتے رہے۔ خاص طور پر جہادِ قسطنطنیہ میں تو یزید بن معاویہؓ کی امارت میں شریک ہوئے۔

حافظ ابنِ کثیرؒ (متوفی 774ھ) کا بیان ہے:  

وَلَمَّا تُوُفِّی الحَسَنُ كَانَ الحُسَينُ يَفِدُ إِلَى مُعَاوِيَةَ فِی كُلِّ عَامٍ فَيُعطِيهِ وَيُكرِمُهُ، وَقَد كَانَ فِی الجَيشِ الَّذِينَ غَزَوا القُسطنطينِيَّةَ مَعَ ابنِ مُعَاوِيَةَ يَزِيدَ، فِی سَنَةِ إِحدَى وَخَمسِينَ

(البدایہ والنہایہ: جلد 8 صفحہ 150 تحت: قصۃ الحسینؓ و سبب خروجہ من مکہ الخ، تہذیبِ تاریخِ ابنِ عساکر: جلد 4 صفحہ 311 تذکرۃ حسین بن علیؓ)  

ترجمہ: جب سیدنا حسنؓ کا انتقال ہوا تو سیدنا حسینؓ ہر سال سیدنا امیرِ معاویہؓ کے پاس تشریف لے جاتے آپؓ انہیں بہت سے عطیے دیتے اور ان کا بہت اکرام فرماتے 51ھ میں سیدنا حسینؓ غزوہ قسطنطنیہ کے موقع پر یزید بن معاویہؓ کے ساتھ شاملِ لشکر تھے۔  

اسی جہاد میں سیدنا عبداللہ بن عباسؓ بھی شریکِ جہاد ہوئے۔

حافظ ابنِ کثیر رحمۃ اللہ (متوفی 774ھ) لکھتے ہیں:  

وَ مَعَهُ جَمَاعَةٌ مِن سَادَاتِ الصَّحَابَةِ، مِنهُم ابنُ عُمَرَ وَابنُ عَبَّاسٍ وَابنُ الزُّبَيرِ وَأَبُو أَيُّوبَ الأَنصَارِی رَضِی اللهُ عَنهُم

(البدایہ والنہایہ: جلد8 صفحہ32 تحت: سنہ 49)

ترجمہ: اس کے ساتھ ساداتِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ایک بڑی جماعت تھی، ان میں سیدنا ابنِ عمر، سیدنا عبداللہ بن عباس، سیدنا عبداللہ بن زبیر اور سیدنا ابو ایوب الانصاری رضی اللہ عنہم شامل تھے۔

سیدنا قثم بن عباسؓ صغارِ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے تھے آپؓ کو سیدنا حسینؓ کے رضاعی بھائی ہونے کا شرف بھی حاصل ہے آپؓ سرورِ کائناتﷺ کی تدفین کے وقت قبرِ نبویﷺ‏ میں اترے اور سب سے آخر میں باہر تشریف لائے آپؓ عہدِ سیدنا امیرِ معاویہؓ میں خراسان کے جہاد میں شریک ہوئے، پھر غزوۂ سمرقند پیش آیا آپؓ اس میں بھی حضرت سعید بن عثمان بن عفانؓ کی امارت میں شریک ہوئے اور جامِ شہادت نوش فرمایا۔ 

امام ذہبیؒ رحمۃ اللہ (متوفی 748ھ) لکھتے ہیں:  

قَالَ الزُّبَيرُ: سَارَ قُثَمُ أَيَّامَ مُعَاوِيَةَ مَعَ سَعِيدِ بنِ عُثمَانَ إِلَى سَمرَقَندَ فَاستُشهِدَ بِهَا 

(سیرِ اعلام النبلاء: جلد4 صفحہ515 تحت: قثم بن العباسؓ)

ترجمہ: عہدِ معاویہؓ میں حضرت قثم بن عباسؓ حضرت سعید بن عثمانؓ کی ماتحتی میں سمرقند کے جہاد میں شریک ہوئے اور شہادت سے سرفراز ہوئے۔ 

ان واقعات سے بخوبی واضح ہو جاتا ہے کہ حضراتِ اہلِ بیتؓ صلحِ سیدنا حسنؓ کے بعد سیدنا امیرِ معاویہؓ کو خلیفہ برحق سمجھتے ہوئے ان کے عہدِ خلافت میں ہونے والے جہاد میں بلا انقباض و اجتناب شریک ہوتے رہے۔