گورنروں کی نگرانی اور ان کی اخبار پر اطلاع کے عثمانی اسلوب
علی محمد الصلابیسیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے گورنروں کی نگرانی اور ان کے احوال و اخبار پر اطلاع کی خاطر مختلف اسلوب اختیار کیے:
موسم حج میں حاضری:
حضرت عثمان غنیؓ اس بات کے انتہائی حریص تھے کہ بذات خود حج میں حاضر ہوں، اور حجاج سے ملیں، ان کی شکایات سنیں، اور اسی طرح گورنروں کو بھی حضرت عثمان غنیؓ نے حکم دے رکھا تھا کہ وہ ضرور موسم حج میں شریک ہوں اور ان سے ملیں، چنانچہ حضرت عثمان غنیؓ نے تمام صوبوں اور شہروں کو تحریر فرمایا کہ وہاں کے گورنر اور جن کو ان سے شکایات ہوں وہ موسم حج میں ان سے ملیں۔
(الولایۃ علی البلدان: جلد 1 صفحہ 216، بحوالہ تاریخ الطبری)
دراصل یہ اسی سلسلہ کا امتداد و استمرار تھا جو سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے دور میں پایا جاتا تھا کہ خلیفہ، گورنر اور رعیت کا حج میں سالانہ اجتماع ہوتا تھا۔
(الولایۃ علی البلدان: جلد 1 صفحہ 216، بحوالہ تاریخ الطبری)