شیعہ کا یہ طعن ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے فدک بنتِ رسول اللہﷺ (فاطمہ رضی اللہ عنہ) سے چھین لیا ان کو ناراض کیا رسول اللہﷺ نے خاتونِ جنت کی ناراضگی کو اپنی ناراضگی سے تعبیر کیا پھر ایسا شخص خلیفہ کس طرح ہو سکتا ہے۔
جواب: چونکہ شیعہ صاحبان اس طعن کو بڑی شدومد سے پیش کرتے ہیں اور طاعنین کے خیال میں بھی یہ ایک بڑا قلعہ ہے جس پر ان کے باقی مطاعن کی دار و مدار ہے اس لیے ہم اس کے متعلق شرح وبسط کے کلام کر کے اس ہوائی قلعہ کے پرخچے اڑائیں گے تاکہ اہلِ بصیرت اس نتیجے پر پہنچ سکیں کہ طاعنین کہاں تک رائے حق سے بہکے ہوئے پادر ہوا باتیں کر رہے ہیں۔
اس لیے ہم پہلے یہ بیان کرنا چاہتے ہیں کہ فدک ہے کیا چیز وہ کس طرح اسلام کے قبضے میں آیا اور قرآن کا فیصلہ اس کے متعلق کیا ہے اور رسول اللہﷺ اور آپﷺ کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہلِ بیت علیہم رضوان کا اس کے متعلق طرزِ عمل کیا رہا ہے۔