امام مہدی کب آئیں گے؟
مولانا قاضی محمد کرم الدین دبیر رحمہ اللہاس میں شک نہیں کہ ہم لوگ بھی حضرت امام مہدی کی آمد کے منتظر اور ان کی زیارت کے مشاق ہیں، مگر نہ اس خیال سے کہ وہ آ کر ہمیں اصلی قرآن دکھائیں گے۔ قرآن تو ہمارے پاس موجود ہے جس کو پڑھ کر ہم اپنا ایمان تازہ کرتے ہیں، البتہ شیعہ کو آپ کی آمد کی اس لیے سخت ضرورت ہے کہ ان کا قرآن انہوں نے چھپا رکھا ہے، آئیں تو شیعہ بے چارے بھی قرآن کی شکل دیکھیں گے، لیکن امام مہدی بقول شخصے
کچھ ایسے ہوئے ہیں سونے والے کہ جاگنے کی انہیں قسم ہے
کہیں ایسے غائب ہوئے ہیں کہ ظاہر ہونے کی صورت نظر نہیں آتی۔
امام غائب کی آمد کے متعلق شیعہ کے عجیب و غریب خیال ہیں جن کے سمجھنے سے ہماری عقل قاصر ہے۔
اصول کافی: صفحہ 232 میں ہے۔
إِنَّ اللَّهَ تَبَارَكَ وَتَعَالىٰ قَدْ كَانَ وَقَتَ ھٰذَ الْأَمْرَ فِی السَّبْعِيْنَ فَلَمَّا قُتِلَ الْحُسَيْنُ صَلَوَاتُ اللَّهِ عَلَيْهِ اِشْتَدَّ غَضَبُ اللَّهِ عَلىٰ أَهْلِ الْأَرْضِ فَأَخَّرَهُ إِلَى أَرْبَعِيْنَ وَمِائَةٍ فَحَدَّثْنَا كُمْ فَأَذَعْتُم الْحَدِيثَ فَكَشَفْتُمْ قَنَاعَ السَّترُ وَ لَمْ يَفْعَلِ اللَّهُ لَهُ بَعْدَ ذَالِكَ وَقْتًا عِنْدَنَا وَيَمُحُو اللَّهَ مَا يَشَا وَيُثْبِت وَ عِنْدَهُ ثُمَّ الكِتَابِ۔
"خدا نے اس کام (ظہورِ مہدی) کا وقت 70ھ مقرر کیا تھا مگر جب سیدنا حسینؓ شہید کیے گئے تو اللہ تعالیٰ اہلِ زمیں پر غضب ناک ہو گیا اور اس لیے اس کام کو 140ھ تک پیچھے ہٹا دیا۔ ہم نے تم سے بیان کر دیا اور تم نے بات مشہور کر دی اور پردہ فاش کر دیا۔ خدا نے اس کے بعد اس کا کوئی وقت ہم کو نہیں بتایا۔
راوی کہتا ہے کہ یہ حدیث امام جعفر صادق سے بیان کی، اُنہوں نے کہا ہاں ایسا ہی ہوا۔"
اس حدیث سے پتہ ملتا ہے کہ قاتلِ سیدنا حسینؓ شیعہ تھے، تب ہی تو امام مہدی کی آمد رک گئی، پہلے 70ھ آمد کا وقت تھا، شیعہ کے اس ظلم کی سزا ان کو یہ ملی کہ امام (جن کے پاس شیعہ کا قرآن تھا) ایک سو سال اور رک گئے، پھر کہیں ائمہ اہلِ بیت نے یہ خبر اپنے حاشیہ نشینوں کو بتا دی، خدا کا غصہ اور تیز ہو گیا۔ امام کی آمد کی میعاد ایسی لمبی ہو گئی کہ پھر ائمہ اہل بیت کو بھی اس کی اطلاع نہ دی گئی۔