سیدنا ابو ذر اور معاویہ رضی اللہ عنہما کے اختلاف کی حقیقت…

سیدنا ابو ذر اور معاویہ رضی اللہ عنہما کے اختلاف کی حقیقت اور اس بارے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کا موقف

  علی محمد الصلابی

صفحہ 2 از 3

ب: حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ کا یہ فرمانا کہ: ’’میں شام میں تھا۔‘‘ انہوں نے شام میں رہائش اختیار کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ’’جب مدینہ کی تعمیرات ’’سلع‘‘ تک پہنچ جائیں تو پھر شام کوچ کر جانا۔‘‘ جب میں نے یہ کچھ دیکھ لیا تو میں شام چلا آیا اور یہاں رہائش اختیار کر لی۔

(المدینۃ المنورۃ: فجر الاسلام: جلد 2 صفحہ 219)

ج: مال و زر کے بارے میں ابوذرؓ کا مؤقف اس آیت کریمہ کے فہم میں ان کے اجتہاد پر مبنی تھا:

يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ كَثِيۡرًا مِّنَ الۡاَحۡبَارِ وَالرُّهۡبَانِ لَيَاۡكُلُوۡنَ اَمۡوَالَ النَّاسِ بِالۡبَاطِلِ وَيَصُدُّوۡنَ عَنۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ‌ وَالَّذِيۡنَ يَكۡنِزُوۡنَ الذَّهَبَ وَالۡفِضَّةَ وَلَا يُنۡفِقُوۡنَهَا فِىۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ فَبَشِّرۡهُمۡ بِعَذَابٍ اَلِيۡمٍ۞ يَّومَ يُحۡمٰى عَلَيۡهَا فِىۡ نَارِ جَهَـنَّمَ فَتُكۡوٰى بِهَا جِبَاهُهُمۡ وَجُنُوۡبُهُمۡ وَظُهُوۡرُهُمۡ‌ هٰذَا مَا كَنَزۡتُمۡ لِاَنۡفُسِكُمۡ فَذُوۡقُوۡا مَا كُنۡتُمۡ تَكۡنِزُوۡنَ ۞ (سورۃ التوبة آیت 34، 35)

ترجمہ: اے ایمان والو! (یہودی) احبار اور (عیسائی) راہبوں میں سے بہت سے ایسے ہیں کہ لوگوں کا مال ناحق طریقے سے کھاتے ہیں، اور دوسروں کو اللہ کے راستے سے روکتے ہیں۔ اور جو لوگ سونے چاندی کو جمع کر کر کے رکھتے ہیں، اور اس کو اللہ کے راستے میں خرچ نہیں کرتے، ان کو ایک دردناک عذاب کی خوشخبری سنا دو۔ جس دن اس دولت کو جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا، پھر اس سے ان لوگوں کی پیشانیوں اور ان کی کروٹیں اور ان کی پیٹھیں داغی جائیں گی، (اور کہا جائے گا کہ) یہ ہے وہ خزانہ جو تم نے اپنے لیے جمع کیا تھا، اب چکھو اس خزانے کا مزہ جو تم جوڑ جوڑ کر رکھا کرتے تھے۔

احنف بن قیسؓ سے ان کا یہ بیان مروی ہے کہ میں مسجد نبوی میں کچھ قریشی سرداروں کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران بوسیدہ سے کپڑوں میں ملبوس پراگندہ بالوں اور عام سی ہیئت والا ایک آدمی آیا اور ان کے پاس کھڑا ہو کر انہیں سلام کیا، پھر فرمانے لگا: خزانہ جمع کرنے والوں کو گرم پتھر کی بشارت دے دو، وہ پتھر ان پر جہنم کی آگ میں گرم کیا جائے گا، اسے ان کی چھاتی کی نوک پر رکھ دیا جائے گا یہاں تک کہ وہ ان کے کندھے کی نرم ہڈی کے پار ہو جائے گا، اسے کندھے کی نرم ہڈی پر رکھا جائے گا یہاں تک چھاتی کی نوک سے پار ہو جائے گا، اسی طرح وہ پتھر ڈھلکتا رہے گا۔‘‘ یہ کہہ کر اس نے پیٹھ پھیری اور ایک ستون کے پاس جا کر بیٹھ گیا۔ میں بھی اس کے پیچھے چلا اور اس کے پاس جا بیٹھا، میں نہیں جانتا تھا کہ یہ شخص کون ہے۔ میں نے اس سے کہا: میرے خیال میں تمہاری اس بات کی وجہ سے یہ لوگ ناراض ہو گئے ہیں، اس نے کہا: یہ لوگ تو بے وقوف ہیں۔ ابوذر رضی اللہ عنہ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد سے استدلال کیا: ’’میں نہیں چاہتا کہ میرے پاس احد پہاڑ کے برابر سونا ہو، اگر ہو تو میں وہ سارے کا سارا خرچ کر دوں بجز تین اشرفیوں کے۔‘‘

(بخاری: کتاب الزکوۃ: رقم الحدیث: 1407)

د: جمہور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کے مؤقف کے خلاف اس وعید کو مانعین زکوٰۃ پر محمول کرتے ہیں اور اس کے لیے وہ حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث سے استدلال کرتے ہیں جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’پانچ اوقیہ سے کم چاندی میں زکوٰۃ نہیں ہے، پانچ اونٹوں سے کم میں زکوٰۃ نہیں ہے، پانچ وسق سے کم غلہ میں زکوٰۃ نہیں ہے۔‘‘

(بخاری: رقم الحدیث: 1405)

اس حدیث کی شرح میں ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ جب یہ چیزیں پانچ سے بڑھ جائیں تو ان میں زکوٰۃ واجب ہے۔ اس حدیث کا تقاضا یہ ہے کہ ہر وہ چیز جس کی زکوٰۃ ادا کر دی جائے اس کا مالک اس وعید کی زد میں نہیں آتا اور زکوٰۃ کی ادائیگی کے بعد بچ جانے والے مال کو کنز سے موسوم نہیں کیا جائے گا۔

(فتح الباری: جلد 3 صفحہ 272)

میں نے اپنی کتاب ’’عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ'‘ میں دلائل و براہین سے یہ ثابت کیا ہے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ابوذر رضی اللہ عنہ کو جلاوطن نہیں کیا تھا، انہوں نے ان سے ربذہ منتقل ہونے کی اجازت طلب کی تو انہوں نے اس کی اجازت دے دی۔

مگر اعدائے عثمان رضی اللہ عنہ نے گروہی تعصب سے کام لیتے ہوئے ان پر یہ الزام لگا دیا کہ انہوں نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ کو مدینہ سے نکال دیا تھا۔ جب غالب القطان نے حسن بصریؒ سے یہ سوال کیا: کیا عثمان رضی اللہ عنہ نے ابوذر رضی اللہ عنہ کو مدینہ سے نکال دیا تھا؟ تو انہوں نے فرمایا: معاذ اللہ، ہرگز نہیں۔

(تاریخ المدینۃ: ابن شبہ: صفحہ 1037۔ اس کی سند صحیح ہے۔)

جن روایات میں یہ بتایا گیا ہے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کو مدینہ منورہ سے نکال دیا تھا تو وہ تمام کی تمام ضعیف الاسناد ہیں اور ان میں کوئی نہ کوئی علت ضرورت پائی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کا متن بھی قابل انکار ہے اس لیے کہ وہ ان صحیح اور حسن روایات کے مخالف ہے جو یہ بتاتی ہیں کہ ابوذر رضی اللہ عنہ نے عثمان رضی اللہ عنہ سے ربذہ منتقل ہونے کی اجازت طلب کی تو انہوں نے اس کی اجازت دے دی۔

(فنتۃ مقتل عثمان رضی اللہ عنہ: جلد 1 صفحہ 11۰)

بلکہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ان سے شام سے واپس آنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ مدینہ منورہ میں ان کی ہمسائیگی میں رہیں، پھر جب وہ شام سے واپس آئے تو سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ہم نے تمہیں اچھے مقصد کے لیے یہاں آنے کو کہا تھا، آپ کو مدینہ میں ہماری ہمسائیگی میں رہنا چاہیے۔

(تاریخ المدینۃ: صفحہ 1036 ،1037۔ اس کی سند حسن ہے)

سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ان سے یہ بھی فرمایا: ابو ذر میرے پاس رہیں تاکہ ہم صبح و شام ملاقات کرتے رہا کریں۔

(طبقات ابن سعد: جلد 4 صفحہ 226، 227)

کیا ان سے ایسی باتیں کرنے والا انہیں جلاوطن کر سکتا ہے؟

(فتنۃ مقتل عثمان: جلد 1 صفحہ 111) 

صفحہ 2 از 3