کرسمس ڈے میں شرکت کرنا
سوال: کرسمس کے تہوار میں مسلمان ناچ گانے کرتے ہیں، اور ان کے تہوار میں شریک ہوتے ہیں، یہ کیسا ہے؟
جواب: کرسمس ڈے عیسائیوں کا مذہبی اور دنیوی تہوار ہے اس دن سے دن کا بڑا ہونا مان کر اور اس دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کا دن ہے، اس کو خوشی کا دن مان کر خوشیاں مناتے ہیں، اگر اس میں ناچ گانا وغیرہ نہ ہوتا جب بھی چونکہ ان لوگوں نے دین کو لہو و لعب بنا رکھا ہے ان کے تہواروں میں شریک ہونا جائز نہیں ہوتا، اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے منع فرمایا ہے، ارشاد ربانی ہے۔
وَذَرِ الَّذِيۡنَ اتَّخَذُوۡا دِيۡنَهُمۡ لَعِبًا وَّلَهۡوًا وَّغَرَّتۡهُمُ الۡحَيٰوةُ الدُّنۡيَا۔ (سورۃ الأنعام: آیت، 70)
ترجمہ: اور چھوڑ دو ان لوگوں کو جنہوں نے اپنے دین کو کھیل تماشا بنا رکھا ہے اور جن کو دنیوی زندگی نے دھوکے میں ڈال دیا ہے۔
اور جیسا وہ لوگ اس میں ناچ گانا بھی کرتے ہیں اس میں شریک ہونا اور بھی سخت گناہ ہوگا، اور قرآن کریم کی اس آیت کریمہ،
وَلَا تَعَاوَنُوۡا عَلَى الۡاِثۡمِ وَالۡعُدۡوَانِ۔ (سورۃ المائدة: آیت، 2) کے بھی خلاف ہو گیا، اس لیے اور بھی پرہیز کرنا ضروری ہے۔
(منتخبات نظام الفتاوىٰ: جلد، 3 صفحہ، 374)